آٹے کا بحران شروع ہونے کو۔۔فلور ملوں نے ہڑتال کا اعلان کر دیا

Jun 22, 2021 | 21:32:PM
 آٹے کا بحران شروع ہونے کو۔۔فلور ملوں نے ہڑتال کا اعلان کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ٹرن اوور ٹیکس اور چوکر پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس کے خلاف 30 جون سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔
 پروگرام کے مطابق فلورملیں کل (بدھ )سے گندم کی واشنگ اور جمعرات سے پورے پاکستان میں گندم کی گرائنڈنگ بند کریں گی اور آٹے کے سپلائی بھی بند کر دی جائے گی ،پورے ملک میں 24اور 25 جون کوعلامتی طور پر دو روزہ ملک گیر ہڑتال کی جائے گی اگر اس کے باوجود ٹرن اورر اور سیلز ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو 30 جون سے چاروں صوبوں میں غیر معینہ مدت تک کے لیے ملیں بند کر دی جائیں گی ۔ 
یہ اعلان پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین بدرالدین کاکڑ نے پنجاب کے چیئرمین عاصم رضا احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ہے ۔عاصم رضا احمد نے کہا کہ گندم اور چوکر پر غیر ضروری ٹیکسز سے آٹے کی قیمتوں میں پانچ روپے فی کلوگرام اضافہ ہو جائے گا اور 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں 100 روپے بڑھ جائے گی ، پاکستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے بے چین اور تشویش میں مبتلا ہیں ،نئے ٹیکسز سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو گا اور عوام کی قوت خرید اور بھی کم ہو جائے گی ۔
انہوں نے کہ ایک طرف وزیر اعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ آٹا مہنگا نہیں ہو نے دیں گے اور دوسری طرف ایف بی آر اپنی مرضی سے ٹیکس عائد کرنے میں مصروف ہے ، 24اور 25 جون کی دو روزہ علامتی ہڑتال ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر ہمار ے مطالبات پرغور کرے اور اگر دوروزہ ہڑتال کے باوجود ٹرن اور ٹیکس اور چوکر پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو 30 جون کو فوری ہنگامی اجلاس طلب کر کے اسی روز سے چاروں صوبوں میں ملک گیر غیر معینہ مدت تک کی ہڑتال کا اعلان کردیا جائے گا ۔
 انہوں نے کہا کہ ہماری ہرگز یہ خواہش نہیں کہ آٹے کی سپلائی بند کریں لیکن ایف بی آر ہمیں ایسے فیصلے کرنے پر مجبور کر رہا ہے ۔
 یہ بھی پڑھیں۔ لاک ڈاﺅن ختم۔۔ ماسک پابندی ختم کرنے کا اعلان