خیبرپختونخوا :نگران دور میں بھرتی تمام ملازمین برطرف، اعلامیہ جاری
میرا سیاسی رول ماڈل بانی پی ٹی آئی ہیں:علی امین گنڈاپور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے نگران دور میں بھرتی تمام ملازمین کو برطرف کردیا، اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا، تمام اداروں کو 30 روز میں عملدرآمد رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں نگران دور حکومت میں بھرتی تمام ملازمین کو برطرف کردیا گیا، محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے ملازمین کی برطرفی کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق نگران دور حکومت میں بھرتی تمام ملازمین کو فارغ کیا جائے۔ ان ملازمین کو 22 جنوری 2022ء سے 29 فروری 2023ء میں بھرتی کیا گیا تھا۔
اعلامیے میں حکم نامے پر مقررہ مدت میں ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام ادارے 30 روز کے اندر اعلامیے پر عملدرآمد کرکے رپورٹ بھجوائیں۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا سیاسی رول ماڈل بانی پی ٹی آئی ہیں،تمام والدین اور گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، طلباء سے اُمید ہے کہ اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آپ نے کبھی ناامید نہیں ہونا، جو ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں وہ کامیاب بھی ہوتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام اداروں کو خود مختار بنائیں گے، پچھلے بجٹ میں اقدامات کیے تھے کہ سود سے پاک قرضے لائیں گے، پروفیشنل ڈگری ہولڈرز کو 20 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کے قرضے دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ آپ نے اپنا مستقبل بہتر بنانا ہے، مستقبل بنانے کے لیے ماضی اچھا بنانا ہو گا، جو کچھ والدین اور اساتذہ سے سیکھا اس کو یاد رکھنا چاہیے، انسان کوشش ہی کر سکتا ہے اور کوشش سے آگے بڑھ سکتا ہے، آپ نے ہمت نہیں ہارنی اور کوشش کرنی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ جو ہوتا ہے، اس لیے کہ وہ اپنی دینی تعلیمات سے ہٹ گئے ہیں، اگر ہم نے عظیم انسان بننا ہے تو انسانیت کا خیال رکھنا ہے، میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں ہمیشہ کالج سے ڈراپ آؤٹ ہوتا رہا ہوں،ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایٹیٹیوڈ کی وجہ سے ایک بندہ بار بار ڈراپ آؤٹ ہو رہا ہے لیکن وہ کوشش کر رہا ہے، وہی لوگ کامیاب ہیں جو اپنے مقصد کے لیے کوشش کرتے ہیں، آپ رول ماڈل بنیں اور عظیم کام کریں، اپنے مقصد کے لیے کوشش کرتے رہیں، مجھے اس لیے چنا گیا کہ میں صوبے اور لوگوں کے لیے کام کروں۔