سندھ حکومت پسند کی شادی پر جلائے گئے گاؤں کے تمام گھر خود تعمیر کروائےگی، صائمہ آغاکااعلان

May 21, 2026 | 21:37:PM
سندھ حکومت پسند کی شادی پر جلائے گئے گاؤں کے تمام گھر خود تعمیر کروائےگی، صائمہ آغاکااعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(صدام چانڈیو)  پارلیمانی سیکریٹری صائمہ آغا نے بتایا ہے کہ سندھ حکومت جیکب آباد میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو سزا دینے کے لئے جلا دیئے گئے ایک سو بیس گھروں کو دوبارہ تعمیر کروا کر مکینوں کے حوالے کرے گی۔ 

صائمہ آغا نے یہ اعلان   جیکب آباد میں پسند کی شادی کرنے کی پاداش میں پورے گاؤں کو نذر  آتش کر  دینے  کے سانحہ کا اپنی آنکھوں سے جائزہ لینے کے لئے متاثرہ گاؤں گوٹھ محمد صدیق ارائیں کا دورہ کے دوران کیا۔  خاتون پارلیمانی سیکرٹری نے تمام جلے ہوئے گھروں کا جائزہ لیا اور  بے گھر ہو چکے گھرانوں کے افراد سے ملاقات کی۔

پارلیمانی سیکرٹری صائمہ آغا نے گاؤں کے بے گھر ہو جانے والے باشندوں کو بتایا کہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر متاثرین کے درمیان پہنچی ہوں۔ 

پارلیمانی سیکرٹری صائمہ آغاز نے بتایا کہ  پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت تمام گھروں کو دوبارہ  تعمیر کر کے دیا جائے گا۔

خاتون پارلیمانی سیکرٹری نے کہا، اپنی پسند سے شادی کرنا کوئی جرم نہیں، مذہب اور قانون اور  آئین دونوں اس شادی کی اجازت دیتے ہیں۔ گھروں کو نذرِ آتش کرنا افسوسناک اور کھلا مجرمانہ فعل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سخت مؤقف پر قائم ہے، اس جرم میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ  پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے 10 ملزم گرفتار کر لئے ہیں۔  مزید کارروائی جاری ہے۔ جن ملزموں نے ضمانتیں کروا لی ہیں، ان کی ضمانتوں کی منسوخی کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں برق رفتار ترقی کے نئے ریکارڈز کا بلاول بھٹو فیصل ممتاز ملاقات میں جائزہ 

صائمہ آغاز نے بتایا کہ  ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کو  کھانا، عارضی رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ جیکب آباد کے ڈپٹی کمشنر کو  متاثرین کی تمام ضروریات فوری پوری کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 صائمہ آغا نے بتایا کہ میرا مقصد متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور گھروں کی دوبارہ تعمیر کو یقینی بنانا ہے۔

خاتون پارلیمانی سیکرٹری نے زور دے کر کہا کہ  خواتین کو حقوق سے محروم رکھنا فرسودہ سوچ ہے، پسند کی شادی کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  شادی کرنے والا جوڑا کراچی میں محفوظ ہے، مگر ان کے رشتہ داروں کے آباد گھر جلا دیئےگئے۔

یہ بھی پڑھیں:   خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری،48 گھنٹوں میں 23 خوارج ہلاک