الزامات بے بنیاد ہیں،شواہد عدالت میں پیش کرینگے؛وکیل ثاقب چدھڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے وکیل نے کہا ہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں،ثاقب چدھڑ کے جانب سے تمام شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق نے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان پہلی ملاقات 21-2020 میں ہوئی اور اس کیس میں آئندہ مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، جن کے جواب کے لیے ایک ہفتے کا وقت لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادکارہ مومنہ اقبال نے مبینہ طور پر مسلسل مالی معاونت حاصل کی اور 5 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات بھی کیے گئے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال پہلے بھی ایک رشتے میں تھیں جس کے باعث موجودہ معاملہ پیچیدگی کا شکار ہوا،اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کے اہلیہ پر بھی الزامات لگائے ہیں۔
میاں علی اشفاق نے کہا کہ ثاقب چدھڑ چند روز قبل مومنہ اقبال کے ہونے والے شوہر کے خلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرا چکے ہیں،ثاقب چدھڑ اور مومنہ کے درمیان گزشتہ 5سال سے رابطہ تھا اور یہ عوامی مقامات پر کئی بار ایک ساتھ دیکھے بھی جا چکے ہیں لیکن درخواست گزار کا اب ان پر سائبر ہراسمنٹ کا الزام لگانا اپنی نوعیت کا انوکھا کیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں،ثاقب چدھڑ ایک سیاسی آدمی ہیں، اس لیے ان کے حلیف اور حریف بہت سے ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ مومنہ اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے دفتر میں پیش ہوئیں جہاں انہوں نے مبینہ ہراسگی کے ٹھوس ثبوت تفتیشی افسران کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔