طوفانی بارش،گرمی سے پریشان شہریوں کے چہرے کھل اٹھے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی کے گردونواح تیز بارش ہو ئی ، دینہ گردونواح میں تیز طوفانی سے شدید گرمی کی وجہ سے پریشان شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔
طوفانی بارش کے باعث بجلی بھی بند ہوگئی ۔
لا لہ موسی،کھاریاں میں بارش سےموسم سہانا ہو گیا، مری اور گردنواح میں گرج چمک اور ہوا کے ساتھ بادل پھر سے برس پڑے۔
مری میں کبھی ہلکے کبھی تیز برستے بادلوں نے جون میں مارچ کا سماں باندھ دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گلگت بلتستان علاقوں اسکردو، دیامیر، استور، غذر، ہنزہ، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں، میرپور اور بھمبر میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اب ہر کوئی ڈالر کمائے گا۔۔!فیس بک نے بڑی خوشخبری سنا دی
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔
ادھر بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریوں کو یقینی بنایا جائے اور شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔