صدر آصف زرداری نےسعودی نیول چیف کو  پیشہ ورانہ خدمات پر نشانِ پاکستان (ملٹری) کے اعزاز سے نواز دیا

Jul 21, 2025 | 21:31:PM
صدر آصف زرداری نےسعودی نیول چیف کو  پیشہ ورانہ خدمات پر نشانِ پاکستان (ملٹری) کے اعزاز سے نواز دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز) صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان، جناب آصف علی زرداری نے رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ، وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی کو نشانِ پاکستان (ملٹری) کا اعزاز عطا کیا۔ یہ خصوصی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی۔یہ اعزاز وائس ایڈمرل الغریبی کو اُن کی پیشہ ورانہ خدمات، پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے بعد سعودی نیول چیف نے صدرِ مملکت سے ملاقات کی۔ صدرِ پاکستان نے انہیں اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ کے لیے اُن کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں مملکتِ سعودی عرب کے سفیر، جناب نوّاف سعید المالکی بھی موجود تھے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی طرف سے حمایت پر حکومت اور  پاکستانی عوام دل سے شکرگزار ہیں۔انہوں نے پاکستان بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے مابین جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدرِ مملکت نے فروری 2025 میں منعقدہ مشترکہ بحری مشق “امن-25” اور “امن ڈائیلاگ-25” میں سعودی بحریہ کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں بحری تعاون اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

صدرِ پاکستان نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کی تعریف ہوئے کہا کہ انکی قیادت مملکت کو ترقی، خوشحالی اور مثبت تبدیلی کی جانب لے جا رہی ہے۔ انہوں نے رائل سعودی نیول فورسز کی جانب سے پاکستان نیوی کے تربیتی نظام پر اعتماد کو سراہتے ہوئے دونوں بحری افواج کے مابین تربیتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔آخر میں صدرِ مملکت نے وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی سے  کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اُن کی جانب سے دلی نیک تمنائیں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں اور پاکستان و سعودی عرب کے مابین گہرے، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔
 یہ بھی پڑھیں:مودی حکومت کی کم بختی،24سیاستی جماعتوں نے گھیرے میں لے کر شدید حملہ کر دیا