فٹبال کی دنیا کا ’کنگ کیو‘ خاموش ہو گیا،عظیم لیجنڈ کیون کیگن انتقال کر گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)انگلینڈ کے عظیم فٹبالر اور سابق قومی ٹیم کے کپتان کیون کیگن 75 برس کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وہ کچھ عرصے سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ روز انتقال کر گئے۔
کیون کیگن کو فٹبال کی دنیا میں محبت سے “کنگ کیو” کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ وہ اپنی شاندار قائدانہ صلاحیت، برق رفتار کھیل اور گول سکورنگ کی غیر معمولی صلاحیت کی بدولت دنیا بھر میں شہرت رکھتے تھے۔
کیگن نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران انگلینڈ کے علاوہ مختلف یورپی کلبوں کی نمائندگی کی اور کئی تاریخی کامیابیاں اپنے نام کیں۔
ان کی سب سے بڑی انفرادی کامیابی 1978 اور 1979 میں مسلسل دو مرتبہ یورپ کے بہترین فٹبالر (بیلن ڈی اور) کا اعزاز جیتنا تھا، جو اس دور میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے غیر معمولی کارنامہ سمجھا جاتا تھا۔
بطور کھلاڑی کامیاب کیریئر کے بعد کیون کیگن نے کوچنگ کے شعبے میں بھی خدمات انجام دیں اور انگلینڈ کی قومی ٹیم سمیت مختلف کلبوں کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔
کیون کیگن کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فٹبال حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ سابق کھلاڑیوں، کلبوں اور مداحوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال نے اپنے عہد کے ایک عظیم ترین ستارے کو کھو دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر نبیحہ نے شوہر کو خلع کے کاغذات بھجوا دیئے، ویڈیو بھی شیئر