عمران اشرف کا بھارتی پنجابی سینما میں شاندار ڈیبیو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز )پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار عمران اشرف اب بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے جا رہے ہیں وہ جلد بھارتی پنجابی فلم’’ اینا نوں رہنا سہنا نئی آوندا ‘‘میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے یہ ان کی بھارتی پنجابی سینما میں پہلی فلم ہوگی۔
فلم کی ہدایتکاری روپن بال نے کی ہے جبکہ کہانی سریندر اروڑا نے تحریر کی ہے ، پروڈیوسرز کے مطابق یہ فلم بائیس اگست دو ہزار پچیس کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی، یہ اعلان دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم سردار جی تھری کی کامیابی کے بعد سامنے آیا جس نے بھارتی اور پاکستانی سینما میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔
عمران اشرف نے اپنی آنے والی فلم کا آفیشل ٹریلر انسٹاگرام پر شیئر کیا جسے ان کے مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے، چھ اعشاریہ سات ملین فالورز رکھنے والے عمران اشرف کے پرستار پہلے ہی ان کے نئے پروجیکٹس کے منتظر تھے اور فلم کا اعلان ان کے لیے ایک خوشخبری بن کر آیا ہے ۔
پاکستانی اداکار دانش تیمور نے عمران اشرف کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا گڈ لک ہیرو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے ایک صارف نے لکھا گڈ لک عمران اشرف ہانیہ کے بعد اب ایک اور پاکستانی اداکار ہمیں بین الاقوامی سطح پر فخر محسوس کرائیں گے۔
ایک مداح نے مزاحیہ انداز میں کہا اب تو انڈینز پھر شور مچائیں گے جیسے سردار جی تھری کے بعد کیا تھا عمران اشرف کے چاہنے والے اس بات پر پرجوش ہیں کہ ان کا پسندیدہ اداکار اب بھارتی پنجابی سینما میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گا اور پاکستانی فنکاروں کی عالمی سطح پر عزت اور وقار میں اضافہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں :وزیرداخلہ محسن نقوی افغانستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے