پی ایس ایل 10 : اسلام یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وسیم احمد)پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے 30 ویں میچ میں اسلام یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے دی اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اسلام آباد نے ایلیکس ہیلز اور صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار اننگز کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کے لیے 252 کا ہدف دے دیا، جواب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 28 گیندوں پر 43 رنز بنا کر سب سے کامیاب بیٹر رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جبکہ عباس آفریدی نے 34 اور ٹم سیفرٹ نے 26 رنز بنائے، عامر جمال 16 اور عرفان خان 14 رنز بناسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 4، سلمان ارشاد نے 3 اور عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سلمان علی آغا ایک وکٹ لے سکے۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے میچ جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی،اسلام یونائیٹڈ کے اوپنرز ایلیکس ہیلز اور صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور اپنی دھواں دار بیٹنگ سے کراچی کنگز کے بولرز کے چھکے چھڑا دیے اور محض 11 اوورز میں 150 رنز بنا ڈالے،صاحبزادہ فرحان آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر تھے جو 41 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور تین چھکے شامل تھے،صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے بیٹر راسی وینڈر ڈوسن پچ پر نہ ٹھہر سکے اور سات گیندوں پر محض ایک رنز بنا کر چلتے بنے، تاہم دوسرے اینڈ سےایلیکس ہیلز کے فلک بوس چھکوں کا سلسلہ جاری رہا۔
172 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا بھی پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد کپتان شاداب خان نے برق رفتاری سے بیٹنگ کا آغاز کیا،ایلیکس ہیلز نے محض 35 گیندیں کھیل کر 88 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے،اس موقع پر شاداب خان نے سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا، وہ 19 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ حیدرعلی 19 اور بین وارشس 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،کراچی کنگز کی جانب سے میرحمزہ، خوشدل شاہ، اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کی ٹیم 9 میں سے 6 میچ جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 9 میں سے 5 میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے،آج دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا 10واں میچ کھیل رہی ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کامیابی کے بعد پوانئیٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی, اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر میں بدھ کو کوئٹہ سے ٹکرائے گی جبکہ کراچی کنگز کو لاہور قلندر کے خلاف جمعرات کو ایلی منیٹر کھیلنا پڑے گا.
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹوئنٹی سیریز؛پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان نیا شیڈول فائنل نہ ہوسکا