پاکستان پر شاہین میزائل کے استعمال کا الزام بے بنیاد ہے: ترجمان دفتر خارجہ

May 19, 2025 | 18:11:PM
پاکستان پر شاہین میزائل کے استعمال کا الزام بے بنیاد ہے: ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس ) دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر شاہین میزائل کے مبینہ استعمال کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، من گھڑت اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کے مطابق بھارتی میڈیا کے ان الزامات کی کوئی حقیقت نہیں، بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ  پاکستان نے "آپریشن بنیان المرصوص" کے دوران شاہین میزائل استعمال کیے، ترجمان کے مطابق  یہ دعوے بھارتی فوج کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کردہ ایک ویڈیو کے بعد سامنے آئے جس میں مبینہ طور پر پاکستانی میزائلوں کے استعمال کو دکھایا گیا تھاتاہم  ترجمان نے واضح کیا کہ جب بھارتی فوج کو خود اس دعوے کی بے بنیاد ہونے کا احساس ہوا تو متعلقہ ویڈیو فوری طور پر ہٹا دی گئی لیکن تب تک بھارتی میڈیا کے بعض حلقے بغیر کسی تصدیق کے اس جھوٹے بیانیے کو پھیلا چکے تھے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ کچھ بھارتی ذرائع ابلاغ اب بھی اس غلط معلومات کو پھیلانے میں مصروف ہیں جو نہ صرف پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ علاقائی استحکام کے لیے بھی خطرناک ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کے آفیشل پلیٹ فارم سے جاری کی گئی ویڈیو کی وضاحت یا تردید بھی تاحال سامنے نہیں آئی جو اس معاملے میں مزید شکوک و شبہات کو جنم دیتی ہے،دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ جھوٹا بیانیہ دراصل بھارتی آپریشن "سِندور" میں ہونے والی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے، ترجمان کے مطابق بھارت کی یہ ناکامیاں پاکستان کی روایتی فوجی صلاحیتوں کے واضح مظاہرے کا نتیجہ تھیں۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور پاکستان پر "جوہری بلیک میلنگ" کے الزامات بھی اسی غلط معلومات کی مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے،انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے آپریشن کے دوران استعمال کیے گئے ہتھیاروں کی مکمل تفصیل 12 مئی کی آئی ایس پی آر پریس ریلیز میں جاری کی گئی تھی،اس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان نے فتح سیریز F1 اور F2 میزائل، جدید گولہ بارود، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز، اور درست نشانے والے توپ خانے کا استعمال کیا۔

ترجمان نے زور دیا کہ جن بھارتی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ان کی تفصیلات بھی مذکورہ پریس ریلیز میں درج ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بغیر تصدیق کے اشتعال انگیز مواد پھیلانا نہ صرف علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس سے سرکاری اداروں کی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان سے حالیہ عبرتناک شکست کے بعد بھارت کو سبق سیکھنا چاہیے، ہمایوں اختر خان