پاکستان ری پبلک پارٹی کے قیام کا مقصد عوامی مسائل کا حل ہے:ریحام خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان ری پبلک پارٹی کی بانی ریحام خان نے کہا ہے کہ پاکستان ریپبلک پارٹی کے قیام کا مقصد غریب متوسط طبقے کی سیاسی نمائندگی اور ان کے مسائل کا حل ہے۔
سکھر پریس کلب کے دورہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے پارٹی کے قیام کے ساتھ ہی الزامات شروع ہوگئے ہیں، بعض لوگ کہتے ہیں کہ مجھے پنڈی کی سپورٹ ہے۔
انھوں نے کہا کہ انڈیا بھی واویلا کر رہا ہے تاہم مجھے عوام کی حمایت حاصل ہے، ان کا کہنا تھا کہ کیا ملک میں صرف پانچ خاندانوں کو سیاست کرنے کا حق ہے؟ کبھی ایک پارٹی لیڈر کی بیٹی اور کبھی دوسری پارٹی لیڈر کا بیٹا اپنی باری لے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں گالم گلوچ الزام تراشیوں کی سیاست پسند نہیں، اس طرح کا رویہ اختیار نہیں کریں گے، نوجوان طبقہ سب کچھ سمجھتا ہے، ایک طبقہ بجٹ میں بے نظیر انکم سپورٹ کی رقم بڑھا کر دوسرا لیپ ٹاپ کی تقسیم میں لگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے والا طبقہ ایف بی آر کی پالیسیوں سے پریشان ہے، کراچی میں احتجاج جاری ہے، پارٹی کا اعلان کرتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد میمبرز بننے کو تیار ہے، ہمیں عوام کی فلاح بہبود کیلئے کام کرنا ہے۔
قبل ازیں ریحام خان پہلی بار سکھر پریس کلب پہنچیں تو صحافیوں نے ان کا استقبال کیا اور انہیں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا, انہوں نے پریس کلب کے دفاتر سمیت مختلف حصوں کو دیکھا اور خوبصورتی کی تعریف کی، قبل ازیں ریحام خان نے وویمن جرنلسٹس کیساتھ بھی نشست کی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعلیٰ سے ایم این اے چودھری نصیر احمد کی ملاقات