براڈ شیٹ پاناما پارٹ ٹو ،مو لانا کے ساتھ اب پھر ہاتھ ہوگا،شیخ رشید

Jan 19, 2021 | 20:45:PM
براڈ شیٹ پاناما پارٹ ٹو ،مو لانا کے ساتھ اب پھر ہاتھ ہوگا،شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم نے آپ کے ساتھ جو کیا ہے آپ اسی کے قابل ہیں کیونکہ آج صرف تین ہزار لوگ نکلے تھے الیکشن کمیشن کے باہر تین ہزار لوگ جمع ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاج کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ انہیں اجازت دی گئی تھی کہ ریڈ زون میں جتنے لوگ لاسکتے ہو لاو¿ لیکن یہ صرف تین ہزار لوگ ہی جمع کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ جس اسمبلی پر مولانا فضل الرحمان جھوٹ، فراڈ اور لعنت بھیج رہے تھے، اسمبلی میں اس کا لیڈر عمر کوٹ چارٹر ڈجہاز میں سیٹ جیتنے پر جشن منانے گیا۔
 وزیر داخلہ نے بتایا کہ سرحد، گوجرانوالہ، منڈی بہاوالدین اور دیگر علاقوں سے لوگ آئے، ویگنیں، بسیں، ڈی ایس این جیز زیادہ تھیں، لیڈر بڑے تھے، جھنڈے زیادہ تھے لیکن کارکن نہیں تھے،۔ انہوں نے کہا کہ میں دینی طلبہ کے ساتھ ہوں، یہ چاہتے ہیں کہ طلبا گن اٹھائیں، جب طلبا نے گن اٹھائی تھی اس وقت آپ مشرف کے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ جب دینی طلبہ نے گن اٹھائی ہوئی تھی تو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اکرم خان درانی اور مولانا فضل الرحمن جس اجلاس میں جنرل پرویز مشرف اور جنرل نثار ہوتے تھے، وہاں میں بھی ہوتا تھا، اس وقت آپ کو دینی طلبا یاد نہیں آتے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ختم نبوت پر سب سے زیادہ جیل میں نے کاٹی ہے، اگر مجھ سے زیادہ کسی نے جیل کاٹی ہے تو سامنے آئے۔اپنے گزشتہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے دینی طلبہ کی بات نہیں کی، بچوں کی بات کی تھی اور آج صادق آباد سے بچوں کی دو سوزوکیاں گئی ہیں اور میں تمام مدرسوں اور علما کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ان کا کہنا تھا یہ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا تھا جہاں براڈ شیٹ اور الیکشن کمیشن پر بات ہوئی، مریم نواز سے کہوں گا کہ آپ براڈ شیٹ کا فیصلہ پڑھیں، آپ کا کیس خراب ہے اور آپ پر پاناما ٹو ہونے جارہا ہے، پڑھے بغیر اپنے لئے سیاسی مسئلے کھڑے کرنے کے مترادف ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ آج کے شو کے بعد ہم آپ کے لانگ مارچ کو خوش آمدید کہتے ہیں،آپ ابھی آجائیں، جو آپ کا آخری سیاسی کارڈ ہوگا، میں نے کہا آپ استعفے نہیں دیں گے، نہیں دیئے، میں نے کہا آپ ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے اور مولانا فضل الرحمن کے دو لوگ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج محمود اچکزئی نے جو تقریر کی ہے اگر ایسی تقریریں ہوئیں تو شاید حالات ہمارے بس سے باہر ہو جائیں، پھر اللہ تعالیٰ مولانا فضل الرحمن کے حال پر رحم کرے۔ان کا کہنا تھا کہ میں مولانا فضل الرحمن کا بتانا چاہتا ہوں کہ پچھلی دفعہ بھی آپ کے ساتھ ہاتھ ہوا اور اب بھی ہاتھ ہونے جا رہا ہے کیونکہ بلاول وہاں جشن منا رہا ہے۔