سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا ،ڈالر بھی سستا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی جبکہ آج بینچ مارک 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔ڈالر بھی سستا ہو گیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کا اختتام ایک لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس پر ہوا تھا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2 سال کے دوران بینچ مارک 100 انڈیکس میں ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ جولائی 2023 میں 100 انڈیکس 40 ہزار تھا جو آج ایک لاکھ 50 ہزار سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا جاپان میں رائج ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم پنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ
17 اگست 2017 کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن 100 ارب ڈالر تھی، جو جی ڈی پی کے 33 فیصد کے برابر ہے تاہم ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باعث اگست 2025 میں مارکیٹ کیپٹلائزشن کم ہو کر 63 ارب ڈالر رہ گئی۔
ہنڈریڈ انڈیکس میں بینکنگ سیکٹر کا حصہ سب سے زیادہ 36.3 فیصد رہا۔ فرٹیلائزر کا 16.7، ایکسپولریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر 11.8 اور سیمنٹ سیکٹر کا شیئر 9.9 فیصد رہا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق میکرو اکنامک میں بہتری آئی ایم ایف کی دوباری اینٹری، کریڈٹ ریٹنگ میں اپ گریڈیشن، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور حصص کی پرکشش قیمتیں مارکیٹ میں نمایاں تیزی کی وجہ رہیں۔
انٹر بینک میں امریکی ڈالر 22پیسے سستا ہوگیا۔انٹر بینک میں ڈالر 282.02 روپے سے کم ہوکر 281.80 روپے پر آگیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف بینچ مارک 100 انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کاروباری برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ معیشت بہتری کی بدولت سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا، ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، مگر مزید محنت درکار ہے، معاشی ٹیم نے شب و روز محنت سے معیشت کو مشکلات سے نکالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں وتاجر برادری نے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھیں، کاروبارکی ترقی و سرمایہ کاروی میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔