وفاقی وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ

وزیرداخلہ محسن نقوی نے سروس ڈلیوری کی بہتری اور اچھے نتائج کے حصول کیلئے جامع پلان طلب کرلیا

Jul 18, 2025 | 10:38:AM
وفاقی وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں‎ تمام ذیلی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اجلاس میں وفاقی وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سروس ڈلیوری کی بہتری اور اچھے نتائج کے حصول کیلئے جامع پلان طلب کرلیا،انہوں نے تمام ذیلی اداروں کو تین دن میں قواعد و ضوابط میں تبدیلی و دیگر ضروری سفارشات پیش کرنے اوروفاقی سیکرٹری داخلہ کو حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت  کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت ہونےوالے خصوصی اجلاس میں‎ تمام ذیلی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اس موقع پر محسن نقوی نے کہاکہ ذیلی اداروں کے مابین کوآرڈینیشن کا فقدان ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانا ہے،کارکردگی کو مزید بہتر و مؤثر بنانے کے لیے تمام ذیلی اداروں کے مابین مربوط ہم آہنگی و اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
 محسن نقوی نے مزیدکہاکہ ہر ادارے کی ضروریات اور دستیاب وسائل کی تفصیلات وضع کی جائیں،ہر ادارہ دوسرے اداروں کی معاونت کے طریقہ کار کے بارے  میں ٹھوس پلان مرتب کرے،تمام ذیلی اداروں میں مؤثر روابط اور ہم آہنگی کے نتائج سے فائدہ عوام کو ہوگا، ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے ہی اداروں کی استعدادکار بڑھائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور سنگ میل عبور، پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز،ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی،ڈی جی نیشنل پولیس بیورو،ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن،ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی،ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس،ڈی سی اسلام آباد، چیف آپریٹنگ آفیسر نادرا اورڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس  نے شرکت کی۔