ایف آئی اے کا بڑا فیصلہ، خواتین افسران امیگریشن ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا حکم جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
( طیب سیف)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے خواتین افسران کو امیگریشن ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا باضابطہ حکم جاری کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ شعبوں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے انسپکٹر رینک تک خواتین اسٹاف کی فوری منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف زونز، سرکلز اور برانچز سے خواتین اہلکاروں کو ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تعینات کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی تمام اہم چیک پوسٹس پر بھی خواتین عملے کی موجودگی بڑھائی جائے گی تاکہ امیگریشن کے عمل کو مزید مؤثر اور سہل بنایا جا سکے، خصوصاً خواتین مسافروں کی سہولت کے پیش نظر یہ اقدام اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں اور تعیناتیوں کی تکمیل کے بعد تفصیلی رپورٹ ہیڈکوارٹرز کو ارسال کریں۔
حکام نے اس معاملے کو اعلیٰ ترجیح دینے اور جلد از جلد پیش رفت مکمل کرنے کی تاکید بھی کی ہے،ذرائع کے مطابق امیگریشن شعبے میں تعینات کی جانے والی خواتین افسران کو اہم اور کلیدی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔