اگر پی ٹی آئی نے روش نہ بدلی تو کے پی کے حکومت ہاتھ سے نکل سکتی ہے،شیر افضل مروت
ماضی میں بھی اس طرح سے مشتعل مظاہرے کئے گئے،ٹی ایل پی پر پابندی لگ جائے گی،علی گوہر بلوچ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پی ٹی آئی کے سابق رہنما اوررکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہےواگر یہ صورتحال برقرار رہی تو یہ کے پی حکومت سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
24نیوز کے پروگرام دستک میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی نے غلط فیصلے کئے اس وجہ سے بانی پی ٹی آئی آج تک رہا نہیں ہوسکے ۔جہاں تک بانی پی ٹی آئی نے اپنی پیرول پر رہائی اور افغانستان سے بات چیت کی بات کی ہے تو یہ حقیقت ہے کہ بانی پی ٹی آئی افغانستان میں مقبول ہیں اور وہ بہتر انداز میں اس معاملے کو ہینڈل کرسکتے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ مولانا صاحب جو یہ فرما رہے تھے کہ انہوں نے فتح کا میدان سجانا ہے لیکن انہوں نے وجہ نہیں بتائی کہ وہ کس کیخلاف احتجاج کرنے جا رہے ہیں۔وہ وفاقی حکومت کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں یا پھر وہ اسٹیبلشمنٹ کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں۔درحقیقت مولانا سے جو حصہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا انہیں وہ نہیں مل سکا۔یہاں تک کہ مولانا سے یہ وعدہ کیا گیا تھا وزیراعلیٰ کی کرسی جے یو آئی ف کو دی جائے گی اور گورنر کے پی نے اس وجہ سے تاخیری حربے استعمال کئے،لیکن یہ پلان کامیاب نہیں ہوسکا۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں گفتگو کرتے ہوئے علی گوہر بلوچ کا کہنا تھا کہ آپ سیاست کا لبادہ اوڑھ کر پولیس پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ماضی میں بھی انہوں نے اس طرح سے مشتعل مظاہرے کئے۔جہاں تک پنجاب حکومت نے وفاق کو ٹی ایل پی پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے تو بطور سیاستدان مجھے ایسا لگتا ہے کہ ٹی ایل پی پر پابندی لگ جائے گی اور اس کیلئے قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔