اسلام آباد میں نان اورروٹی کی قیمتوں کا معاملہ پیرتک حل کرنے کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احتشام کیانی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو پیر تک نان بائی ایسوسی ایشن سے ملاقات کر کے اسلام آباد میں نان اورروٹی کی قیمتوں کا معاملہ حل کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسلام آباد میں روٹی اور نان کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی،عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو نان بائیوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے حراست میں لیے گئے دو نانبائیوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ روٹی کی قیمت کا پیر تک معاملہ حل نہ ہوا تو ڈپٹی کمشنر کو بلائیں گے،
وکیل عمر اعجاز گیلانی نے کہاکہ ہمارے دو لوگوں کو انتظامیہ نے گرفتار کر کے تھانے میں بند کر دیا ہے، اس پرجسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا دیکھ لینا کہیں انہیں کسی قتل کے کیس میں نہ ڈال دیا ہو؟وکیل درخواست گزارنے کہاکہ نہیں قتل کیس میں تو نہیں ڈالا، عدالت انکی رہائی کے احکامات دے۔
یہ بھی پڑھیں:عدم حاضری پر علیمہ خانم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
وکیل درخواست گزارنے کہاکہ ہماری ڈپٹی کمشنر سے ملاقات نہیں ہوئی بلکہ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سے ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہرنے کہاکہ آپ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے ملاقات کریں، کیا نام ہے اُنکا؟وکیل درخواست گزارنے کہاکہ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن ہیں، اس پر عدالت نے کہاکہ میمن صاحب کو کہیں پیر تک ملاقات کرکے معاملہ حل کریں ورنہ اُنہیں طلب کرینگے۔
عدالت نے اس ہدایت کے ساتھ سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔