نورسحر میں’’غربت و بیروزگاری۔۔۔فرد سے قوم تک اسباب و تدارک کی راہیں‘‘ بصیرت افروز علمی نشست
جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری آج کے دور کے سب سے بڑے چیلنجز ہیں جو نوجوان نسل کو ناامیدی کی گہری وادیوں میں دھکیل رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)معروف ٹی وی پروگرام نورِ سحرمیں ایک روح پرور اور بصیرت افروز علمی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ممتاز اسلامی اسکالرز، محققین اور اہلِ علم نے شرکت کی، نشست کا موضوع ’’غربت و بے روزگاری۔۔۔فرد سے قوم تک اسباب و تدارک کی راہیں‘‘ تھا۔
میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری آج کے دور کے سب سے بڑے چیلنجز ہیں جو نوجوان نسل کو ناامیدی کی گہری وادیوں میں دھکیل رہے ہیں، نوجوانوں اور ارباب اقتدار کو چاہیے کہ باوقار زندگی گزارنے کے لیے حل تلاش کرے تاکہ ہر فرد خوددار اور فعال شہری بن سکے۔
اعجاز احمد نے کہا کہ لوگوں میں سب سے بہتر وہ ہے جو دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے، یعنی خدمتِ خلق کا جذبہ رکھے۔
انہوں نے مواخاتِ مدینہ کو ایثار و قربانی کی سب سے بڑی مثال قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ زکوٰۃ کی منصفانہ تقسیم بے روزگاری کے خاتمے کی کنجی بن سکتی ہے۔
ڈاکٹر عفاف منظور نے کہاکہ بھوک تہذیب کے آداب بھلا دیتی ہے،تعلیم معاشرے کو تبدیل کرنے کی طاقت رکھتی ہے، مگر کیا ہمارا تعلیمی نظام بچوں کو وہ مہارت (Skill) دے رہا ہے جس کی انہیں عملی زندگی میں ضرورت ہے؟
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کا ہر فرد اگر محنت اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھے تو ہی ترقی ممکن ہے۔
محمد جمیل ارشد نے کہا کہ "تعلیمی نظام کی اصلاح اپنی جگہ ضروری ہے، لیکن اصل تبدیلی تب آئے گی جب انسان خود کو بدلنے کا فیصلہ کرے، ہم بچوں کو اسکول کے پہلے دن ہی صرف نمبر لینے کی دوڑ میں ڈال دیتے ہیں، مگر ان کی اصل صلاحیت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہمارے نوجوانوں کو یہ ہی معلوم نہیں کہ ہنر (Skill Development) کی کیا اہمیت ہے، ان کے لیے بس دو ہی راستے ہوتے ہیں ملک سے باہر جانا یا سرکاری نوکری کی دوڑ۔
پروفیسر شجاعت علی خان نے نہایت فکرانگیز انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہاانسان کا اشرف المخلوقات ہونا اسی میں ہے کہ وہ دوسروں پر بوجھ نہ بنے، افسوس کہ ہمارا معاشرہ بچوں کو خود مختار بنانے کی بجائے دوسروں پر انحصار سکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انسان خود کو پہچان لیتا ہے، تو رزق خود اس کی طرف آتا ہے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے، حضور نبی کریم ﷺ نے ان تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہمیں راستہ دکھایا، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان صلاحیتوں کو پہچان کر ان کا درست استعمال سیکھیں۔