مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ 19فروری سے لاہور میں بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہو گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر با رش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم بالا ئی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی با رش اور برفباری ہوئی جبکہ مری میں بھی بارش اور ہلکی برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش چار ملی میٹر مالم جبہ میں ہوئی، پٹن 03، میر کھا نی، چترال اور دیر میں 01 ملی میٹر بارش جبکہ مالم جبہ میں 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے، گریس، شونٹھر، سرگن، جاگراں ویلی میں5 سے8 انچ جبکہ پہاڑوں پر ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔

برف باری کے باعث شاردہ کیل تاوبٹ روڈ ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے جبکہ مرکزی شاہراہِ نیلم شاردہ تک ٹریفک کی آمد ورفت کے لیے بحال ہے۔
ادھر کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے 22 فروری تک ملک پر اثر انداز رہے گا جس کے تحت کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق پاکستان کے 70 سے 80 فیصد شمالی علاقوں کو بھی یہ سسٹم متاثر کر سکتا ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر پر بھی سسٹم اثر انداز ہو گا، سسٹم سے پہاڑوں پر برفباری اور کئی علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے، سندھ میں اس سسٹم سے فی الحال بارش کا امکان نہیں تاہم بلوچستان میں اس سسٹم کے زیر اثر اچھی بارشیں ہونے کا امکان ہے، کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور خضدار میں پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم گوادر، پسنی تربت اور اوڑمارہ میں ہلکی سے درمیانی بارش برسا سکتا ہے، بلوچستان میں کہیں کہیں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ پنجاب کے کئی علاقوں میں 19 سے 21 فروری کے دوران اچھی بارش کا امکان ہے، جنوبی و وسطی پنجاب میں بارشوں کے 2 سے 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کارکے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی بارشوں کے 2 سے 3 اسپیل آ سکتے ہیں جبکہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے باعث خشک اور گرد آلود موسم سے ریلیف ملے گا، اس سسٹم کے رخصت ہونے کے بعد سردی کی لہر شمالی علاقوں پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ نے پیشگوئی کی ہے کہ اس سسٹم کے تحت سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی بوندا باندی یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے تاہم کراچی میں بھی اس سسٹم سے بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، البتہ کراچی میں آج شہر میں مطلع جزوی ابر آلود ہوسکتا ہے۔

کراچی میں مغربی ہواؤں کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب زائد رہنے کا امکان ہے جبکہ فروری کے آخری ہفتے میں موسم کچھ خنک ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ لاہور میں سورج کرنیں بکھیرنےلگا،سردی کی شدت میں واضح کمی،شہرکاموجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا ، 19فروری کوشہرمیں بارش برسانےوالاسسٹم داخل ہورہاہے۔
فضائی آلودگی کےاعتبارسےلاہورپہلےنمبرپرآگیا،شہرمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح261ریکارڈکی گئی۔