پسند کی شادی پر مسلح افراد نے پورا گاؤں جلا دیا

May 16, 2026 | 09:16:AM
پسند کی شادی پر مسلح افراد نے پورا گاؤں جلا دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(صدام سلیم)جیکب آباد میں پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد نے پورے گاؤں کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں گھروں کو آگ لگا دی، جبکہ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 متاثرہ خاندان کئی روز گزرنے کے باوجود کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

 جیکب آباد کے گوٹھ محمد صدیق آرائیں میں 5 مئی کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں مسلح افراد نے گاؤں محمد صدیق آرائیں میں بُرڑو برادری کے 120 سے زائد گھروں کو آگ لگا کر خاکستر کردیا۔

 حملہ آور فائرنگ بھی کرتے رہے جس سے علاقے میں شدید خوف پھیل گیا۔

ایس ایس پی جیکب آباد فیضان علی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گوٹھ صدیق آرائیں اور گوٹھ غازی خان چنہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے حیدرآباد کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد مشتعل افراد نے گاؤں کو آگ لگا دی۔

مزید پڑھیں:بااثر منشیات فروش خواتین پولیس کی حراست سے فرار

 پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

 مقدمے میں 12 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری اور مزید تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

دوسری طرف کئی روز گزرنے کے باوجود تمام ملزمان گرفتار نہ ہونے پر متاثرہ خاندان شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

آتشزدگی کے اس واقعے کے بعد درجنوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں اور شدید گرمی میں بغیر چھت کے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں.