سابق کرکٹر محمد یوسف گراس روٹ کرکٹ کی ترقی کیلئے متحرک، نوجوان کی کوچنگ شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حافظ شہباز علی )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف گراس روٹ کرکٹ کی ترقی کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں اور انہوں نے بطور کوچ پاک لائنز انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سمر کیمپ میں خدمات انجام دینا شروع کر دی ہیں۔
ڈی ایچ اے فیز ون میں جاری اس سمر کیمپ میں 8 سے 18 سال کی عمر کے نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کیمپ میں شریک بچوں اور نوجوان کرکٹرز نے محمد یوسف کی نگرانی میں تربیت حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
محمد یوسف نے مختلف ایج گروپس کے کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی تکنیکی باریکیوں اور جدید تقاضوں سے آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ وہ مختلف سیشنز میں بچوں کی بنیادی تکنیک، شاٹ سلیکشن اور کھیل کی سمجھ بوجھ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
اس موقع پر محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ کام کر کے خوشی محسوس ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ میں ان کی سنتا ہوں اور وہ میری سنتے ہیں، اسی طرح سیکھنے کا عمل آگے بڑھتا ہے۔
سابق کپتان نے اس بات پر زور دیا کہ جتنا زیادہ کام نوجوان کھلاڑیوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، اتنے ہی بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ ان کے مطابق اگر کسی کھلاڑی کی بنیادی تکنیک مضبوط ہو تو وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں کامیاب ہو سکتا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ آج دنیا کے بیشتر کامیاب بیٹرز تینوں فارمیٹس میں اس لیے عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں کیونکہ ان کی بنیاد مضبوط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کا رجحان زیادہ تر بیٹنگ کی طرف ہے کیونکہ ہر طرف جارحانہ بیٹنگ اور چھکوں کی کرکٹ نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں اب 350 رنز کا ہدف بھی عام ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے نئی نسل بیٹنگ کو زیادہ ترجیح دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بھارت کیخلاف میچ کے بعد پاکستان ویمن ٹیم پر جرمانہ عائد