وزارتِ قومی صحت نے پاکستان میں ٹیلی میڈیسن منصوبے کا آغاز کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک ) پاکستان میں صحت کے شعبے میں انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے وزارتِ قومی صحت نے ٹیلی میڈیسن منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ٹیلی میڈیسن منصوبے کے نفاذ کیلئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں وزارتِ صحت کے اعلیٰ افسران نےشرکت کی۔
اس موقع پر وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ صحت کی مشاورت اب ایک کال کی دوری پر ممکن بنائی جائے گی،ٹیلی میڈیسن سے ملک بھر اور دور دراز کے علاقوں میں صحت سہولیات ممکن بنائیں گے،ہر شہری کا میڈیکل ریکارڈ قومی شناختی کارڈ نمبر سے منسلک کیا جائے گا،مریضوں کی شناخت اور ریکارڈ کیلئے قومی، صوبائی، ضلعی سطح پر نظام قائم کیا جائے گا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پائلٹ منصوبہ ابتدائی طور پر کراچی اور اسلام آباد میں شروع کیا جائے گا،ایسے افراد جو ہسپتال جانے کی سکت نہیں رکھتے وہ جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوں گے،ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، کراچی میں ڈاکٹرز اور مخصوص کال سینٹرز خدمات سرانجام دیں گے،مشاورتی عمل کو مؤثر بنانے کیلئے مضبوط ریفرل میکانزم قائم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی ترسیل کیلئے ضلعی سطح پر مربوط نیٹ ورک قائم کرنے کی دعوت دی جائے گی،عوام کی دہلیز تک ڈاکٹرز اور دوا کی رسائی کو ممکن بنائیں گے،منصوبہ عوامی و نجی شراکت داری کے تحت مکمل کیا جائے گا۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو شفاف بولی کے ذریعے شامل کیا جائے گا،مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے،موجودہ ٹیکنالوجی کے ذریعے عبوری بنیادوں پر خدمات کا آغاز کیا جائے گا،منصوبے کیلئے باصلاحیت پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری کی جائے گی ،یہ منصوبہ صحت کی جدید سہولیات تک عوامی رسائی میں انقلابی قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی وزیراطلاعات کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم تشکر کے حوالے سے اہم گفتگو