وفاقی وزیراطلاعات کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم تشکر کے حوالے سے اہم گفتگو

May 15, 2025 | 21:16:PM
وفاقی وزیراطلاعات کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم تشکر کے حوالے سے اہم گفتگو
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے کل ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا اور اس سلسلے میں اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم تشکر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں تاریخی فتح پر کل ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ عوام کل اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے، مسلح افواج نے بہادر ی سے ملکی سرحدوں کا دفاع کیا، دن کے آغاز پر مسلح افواج اور ملک کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقاریب اور شہدا کی قبروں پر حاضری دی جائے گی، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہداکی یادگاروں پر دعائیہ تقاریب اور پھول رکھے جائیں گے، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ یوم تشکر کی خصوصی تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ہوگی اور وزیراعظم شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی  ہوں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑٖھیں: مودی سرکار کے جنگی جنون نے  بھارتی معیشت کو داؤ پر لگا دیا