الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے، سلیکشن قبول نہیں: مریم نواز

Mar 15, 2023 | 14:18:PM
مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے، سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئیندہ ہونے دیں گے، سازشی کرداروں سے مکمل نجات نہیں ملی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے، سلیکشن پہلے قبول کی نہ آئیندہ ہونے دیں گے، سازشی کرداروں سے مکمل نجات نہیں ملی۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز تنظیمی دورے پر پھول نگر پہنچ گئیں۔ جہاں مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور ڈویژن کا اجلاس ہوا، جس میں صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناءاللہ، رانا تنویر حسین، رانا اقبال، ڈویژنل صدر شیخ وسیم شریک ہوئے۔

اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے دور آزمائش میں پارٹی کے مدر اور ذیلی ونگز کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو سراہا۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ووٹ کی عزت کے لئے ترازو کے پلڑے برابر کرنے کی فیصلہ کن جدوجہد جاری ہے، ترازو برابر ہوگا تو انصاف کی فتح ہوگی، آر ٹی ایس کی جگہ بابا زحمت کے چیلوں نے لے لی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان اور اس کی اکائیوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ن لیگ نے ہمیشہ قوم کو عزت، معاشی ترقی اور سہولت دی، نواز شریف شیر لیڈر ہے جو کارکنوں کی ڈھال بنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک کے گیدڑ کو دیکھ لو جو عورتوں بچوں کو ڈھال بنائے ہوئے ہے، نواز شریف جھوٹے مقدمات میں اپنی بیٹی کے ساتھ لندن سے جیل چلاگیا، یہ ہوتی ہے بہادری، ایک گیدڑ زمان پارک سے عدالت جانے سے ڈرتا ہے، یہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے نہیں عدالت اور ججوں کے سر پھاڑ رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کے ٹکڑے کرنے کی باتیں کرنے والا عدالتی احکامات کے ٹکڑے ٹکڑے کر رہا ہے، مسلم لیگ (ن) کے نوجوان پاکستان کی عزت، حرمت اور تہذیب کے علم بردار ہیں، نوجوانوں اور خواتین کا جذبہ دیکھ کر ہر روز فخر کرتی ہوں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ بڑا اعزاز ہے کہ آپ جیسے شیروں اور شیرنیوں کے ساتھ مل کرکام کرنے کا موقع ملا ہے، کارکن ہونے سے بڑا کوئی اعزاز نہیں، نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں ٹیم پاکستان کا کردار ادا کرنا ہے، 

عہدیداروں اور کارکنوں نے مریم نواز کو سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر خیر مقدم کیا اور کہا کہ آپ نے پوری تنظیم کو چند ہفتوں میں زندہ کر دیا ہے، آپ کے آنے سے کارکنوں کو آواز ملی ہے۔