زیر تربیت اے ایس پیز کو پاسنگ آؤٹ پر پلاٹ دئیے جائیں گے:محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے اکیڈمی کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا،اس حوالے سے وزیرداخلہ نےکمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس کو ضروری ہدایات دیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیر تربیت اے ایس پیز کو پاسنگ آؤٹ پر پلاٹ دئیے جائیں گے، موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ زیر تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی تربیت کیلئے بیجنگ، چین بھیجا جائے گا، اے ایس پیز کی ٹریننگ میں مزید جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی ماڈیولز شامل کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ افسران کی پیشہ وارانہ قابلیت اور عملی مہارت بڑھانے کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، پولیس افسران کی مالی مشکلات دور کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چاہتا ہوں کہ ہر افسر کی تنخواہ بہتر ہو، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے افسران کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، افسران کی پروموشن کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:خوشخبری! پیٹرولیم قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان، فی لیٹر کتنے روپے کم ہوں گے؟
کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی،ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔