لازوال دھنوں کے خالق موسیقار امجد بوبی کوبچھڑے 21برس بیت گئے
40 سالہ کیریئر کے دوران50سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی،آج کے کئی مقبول گلوکار ان کی دریافت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ایم وقار)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامورموسیقار امجد بوبی کومداحوں سے بچھڑے21برس بیت گئے،وہ 15اپریل2005ء کو راہی ملک عدم ہوگئے تھے لیکن ان کی بنائی ہوئی دھنیں انہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
1943ء کوامرتسر میں پیدا ہونے والے امجدبوبی نے پہلی بار 1969 میں فلم ’’اِک نگینہ‘‘ کی موسیقی ترتیب دی جس کے بعد وہ مسلسل موسیقی میں جدید رنگ بھرتے رہے، 40 سالہ کیریئر کے دوران50سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی جن میں سرگم،گھونگھٹ، گھر کب آئو گے،سنگم، چیف صاحب،کبھی الوداع نہ کہنا، دیوانے تیرے پیار کے، بھابی دیاں چوڑیاں اور لازوال جیسی مقبول فلمیں شامل ہیں۔
ان کاپورا نام امجد حسین خان تھالیکن امجد بوبی کے نام سے شہرت حاصل کی،ان کا تعلق ایک موسیقار گھرانے سے تھا،وہ نامورموسیقار رشید عطرے کے بھانجے تھے،طویل کیریئر کے دوران انہوں نے ہمیشہ نئی اورکلاسیکی دھنیں تخلیق کیں اور فلمی موسیقی میں کئی نئے رجحانات متعارف کروائے۔
امجدبوبی نے ممبئی جا کربھی پاکستانی فلموں کے گیت ریکارڈ کئے اور جاوید شیخ کی فلم’’یہ دل آپ کا ہوا‘‘کیلئے بھارتی گلوکار سونو نگم اور کویتا کرشنا مورتی کی آواز میں گانے ریکارڈ کئے تھے،ان کو1983ء اور 1997ء میں نگار ایوارڈ اور 1999میں بولان ایوارڈ سے نوازاگیاتھا۔
امجدبوبی کا شمارفلمی صنعت کے کا میاب موسیقاروں میں ہوتا تھااور ان کی ترتیب دی ہوئی خوبصورت دھنیں سننے والوں کو آج بھی سحر میں جکڑ لیتی ہیں، زارا شیخ اور شان کی فلم ’’تیرے پیار میں‘‘کاایک گانا’’ہاتھ سے ہاتھ کیا گیا‘‘ان کی موسیقی سٹائل کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آشا بھوسلے کی موت کی وجہ کیا بنی؟ ڈاکٹرز نے انکشاف کر دیا
انہوںنے ہمیشہ نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروایااورآج کے کئی مقبول گلوکار ان کی دریافت تھے،انہوںنے مہدی حسن ، مہناز ، ناہید اختر ، سلمٰی آغا ، غلام عباس ،اے نیئر ، تحسین جاوید ،حمیرا چنا ، سائرہ نسیم ،وارث بیگ ، راشد محمود ، شبنم مجید ، فریحہ پرویز سمیت دیگر گلوکاروں سے ان کی زندگی کے بہترین گیت ریکارڈ کروائے،ان کی آخری ریلیز ہونیوالی فلم ہدایتکار واداکار جاوید شیخ کی’’کھلے آسمان کے نیچے‘‘ تھی۔