مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگا،مولانا فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سربراہ جمعیت علماء اسلام(جے یو آئی) نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ذرائع ابلاغ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے،مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگا۔
جمعیت علماء اسلام(جے یو آئی) بلوچستان کے زیراہتمام ڈیجیٹل میڈیا کنونشن انعقاد کیا گیا جس میں سربراہ جےیوآئی مولانا فضل الرحمان نےخصوصی شرکت کی،کنونشن میں مرکزی کوآرڈینیٹر جےیوآئی ڈیجیٹل میڈیا سیل انجنئیر ضیاء الرحمان، صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے بھی شرکت کی،صوبائی سیکرٹری جنرل آغاء محمود شاہ، علامہ راشد سومرو بھی کنونشن میں شریک ہوئے۔
کوآرڈینیٹر برائے ڈیجیٹل میڈیا بلوچستان خالد ولید سیفی نے کنوشن میں اضلاع کے کوآرڈینیٹرز کا تعارف اور ایجنڈا پیش کیا ۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےسربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جماعتی فیصلوں کے برخلاف مشاورت منافقین کی عادتیں ہیں ،ایسی عادتوں سے بچنا چاہیے ،اچھے اخلاق اپنا کر ہی جے یو آئی کے مشن کو پورا کیا جاسکتا ہے ،ہمیں انبیاء کی سیاست کرنی ہے جس میں تدبیر ہو اور تدبر ہو ،جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ذرائع ابلاغ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے،مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مروج میڈیا اسلامی تعلیمات سے متصادم ہیں،دین کا مزاج کمزوریوں کو چھپانا اور اچھائیوں کو سامنے لانا ہے ،اچھے بھلے عالم دین کے نام کو بگاڑ دیا جاتا ہے ،اپنے نوجوانوں کی تربیت کریں،اسلام علم اور تربیت کا نام ہے۔
اس موقع پر انجینیئر ضیاءالرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کارکن اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں،ہمارے کارکن بغیر وسائل کے دیگر جماعتوں کے سوشل میڈیا ٹیموں سے بہتر کام کر رہے ہیں،پیسوں سے کام کا وہ جذبہ نہیں خریدا جا سکتا جو ہمارے کارکن میں اخلاص کی بنیاد پرہوتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف مدمقابل کے بیانیے کوکاؤنٹر کرنا اور جماعتی بیانیے کو پرموٹ کرنا ہے ،خلوص کی بنیاد پر تنقید کو قابل تحسین سمجھتے ہیں،قائدین نے سوشل میڈیا کی جو ذمہ داری لگائی ،سب مل کر اس کو بخوبی سرانجام دیں گے۔
علامہ راشد سومرو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اپنے کام پر توجہ دیں اور کسی کی مخالفت کی پرواہ نہ کریں،سوشل میڈیا پر عوامی مسائل پر توجہ دیں،سوشل میڈیا پر الحمد للہ صوبہ سندھ میں بہترین نتائج حاصل کئے،صوبہ سندھ میں سیاسی جماعتوں کو اعتراف کرنا پڑا کہ جے یو آئی ایک مضبوط اور منظم قوت ہے،ضلعی اور یونٹ سطح پر سوشل میڈیا ٹیم کو منظم کرنا ہوگا ۔
مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کارکنوں کے لئے تربیتی نشستوں کی ضرورت ہے،سوشل میڈیا پر جماعتی کارکردگی کو پروان چڑھایا جائے،بغیر تحقیق کے خبر نہ نشر کریں ،ہر معاملے میں قائدین سے رہنمائی لیں ۔
مولانا محمود شاہ نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اپنی صوبائی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کا ہر قسم کا تعاون کریں گے،ان شاء اللہ ڈیجیٹل میڈیا پر اپنے قائدین کے بیانیے کو آگے بڑھائیں گے ،جے یو آئی بلوچستان کی مسلمہ سیاسی قوت ہے،خالد ولید سیفی نے بھی نے کہا کہ ان شاء اللہ اپنی ٹیم کی جدید خطوط پر تربیت کریں گے ۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی مالیاتی جریدے نے اقتصادی میدان میں پاکستان کی کارکردگی کو معاشی کرشمہ قرار دیدیا