پاک فوج سے اظہار تشکر کیلئے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام ریلی 

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ قابلیت کا منہ بولتاثبوت :پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر

May 14, 2025 | 15:13:PM
پاک فوج سے اظہار تشکر کیلئے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام ریلی 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاک فوج سے اظہار تشکر کیلئے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ،امیرالدین میڈیکل کالج اورلاہور جنرل ہسپتال کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے عددی برتری رکھنے والے دشمن کو شکست فاش دے کر یہ ثابت کر دیا کہ جنگیں جذبہ ایمانی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے جس میں پاکستان کے شاہینوں نے دنیا بھر میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، ہمارے سپوتوں نے دشمن پر جس دلیرانہ انداز میں اپنی دھاک بٹھائی اُسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

پروفیسر الفرید ظفر نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ساری قوم کا فخر قرار دیا جس سے 24کروڑ عوام کے سر بلند ہو گئے ہیں۔

یکجہتی ریلی میں ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر شائستہ مبین، ڈاکٹر عائشہ قمر، ڈاکٹر شازیہ اکبر خان، پرنسپل نرسنگ کالج روبینہ انعام، پروفیسر کنول سعید، پروفیسر منزہ ظہیر،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، شہناز ڈار، رمضان بی بی، شازیہ یعقوب، آسیہ معراج،روبینہ ابراہیم ،اے ایم سی کے سٹوڈنٹس، نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات نے شرکت کی جنہوں نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور عسکری اداروں کے حق میں نعروں پر مبنی پلے کارڈ ز اٹھا رکھےٍ تھے۔

پروفیسر الفرید ظفرنے اس موقع پر مزیدکہاکہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہمارے غیورعوام اور مسلح افواج وطن عزیز کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور پاکستان کی بہادر افواج وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی انکھ کو نوچ ڈالے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جدہ ایئرپورٹ کے ذریعے عازمین حج کی حجاز مقدس آمد کا دوسرا مرحلہ

پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس دشمن کے جنگی طیاروں اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو زمین بوس کر کے ترقی یافتہ ممالک کے جنگی ماہرین کو بھی حیرت زدہ کر دیا۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا قرآن پاک میں اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ" اگر سچے مومن ہو گے تو تم ہی فتح یاب رہو گے  اور تمہاری قلیل جماعت بڑے لشکر پر غالب آئے گی"۔ ہمیں ملک کی ترقی ،استحکام اور دفاع کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک مضبوط معیشت رکھنے والا ترقی یافتہ ملک بن کر اقوام عالم میں نام پیدا کر سکے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ فتح صرف ایک فوجی آپریشن کی کامیابی نہیں بلکہ قوم کے اعتماد، اتحاد اور حوصلے کی فتح ہے جسے تاریخ میں سنہری حرو ف سے لکھا جائے گا