کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گے :اداکارہ مومنہ اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیو ز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے کہا ہے کہ وہ اور ان کا خاندان کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گے اور اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی بہن رمشا اقبال کی میڈیا سے گفتگو شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اب صرف اپنے ذاتی معاملے کے لیے نہیں بلکہ ہر اس شخص کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں جو ایسے حالات کا سامنا کرتا ہے۔
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ انہیں مختلف طریقوں سے دباؤ کا سامنا ہے، تاہم وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ان کے مطابق یہ صورتحال انتہائی مشکل اور تکلیف دہ ہے، لیکن وہ خاموش نہیں ہوں گی۔
اداکارہ نے بغیر کسی کا نام لیے الزام عائد کیا کہ حقیقت کو سامنے لانے کے بجائے سوشل میڈیا پر پیڈ مہمات چلائی جا رہی ہیں اور معاملے کا رخ موڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے بنیاد قانونی کارروائیوں اور جھوٹے اقدامات کو روکا جائے اور اصل حقائق پر توجہ دی جائے۔
دوسری جانب رمشا اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کی بہن کو مسلسل دھمکیوں اور خوفزدہ کرنے کی کوششوں کا سامنا ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مبینہ ہراسانی کے الزام پر ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال حال ہی میں اپنی شادی سے متعلق خبروں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر کے باعث بھی خبروں میں رہی ہیں، جبکہ اب وہ ایک نئے قانونی اور سماجی تنازع کے تناظر میں دوبارہ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کس طرح بڑھے گی؟