کراچی: صنعتی ایریا میں آتشزدگی، 4 فائر فائٹرز جاں بحق

Apr 13, 2023 | 13:20:PM
کراچی: صنعتی ایریا میں آتشزدگی، 4 فائر فائٹر جاں بحق
کیپشن: گزشتہ روز صبح 8 بجے نیوکراچی صنعتی ایریا میں ایک ساتھ 3 فیکٹریوں میں آگ بھڑک اٹھی
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نیو کراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد بلڈنگ زمین بوس ہونے سے 4 فائر فائٹرز جاں بحق ہو گئے۔

کراچی کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل جاری تھا کہ بلڈنگ زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 فائر فائٹرز جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کے ایم سی کے فائر فائٹرز کولنگ کے عمل میں مصروف تھے جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، 13 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا۔  ان زخمیوں میں بھی 11 فائر فائٹرز شامل ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب

واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح 8 بجے نیوکراچی صنعتی ایریا میں ایک ساتھ 3 فیکٹریوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا سامان خاکستر ہو گیا، 2 فیکٹریوں میں لگنے والی آگ بجھادی گئی تھی جبکہ تیسری فیکٹری میں لگی آگ پر 16 گھنٹے گزر جانے کے بعد قابو پایا جاسکا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ بڑی حد تک آگ پر قابو پالیا گیا ہے، موقع پر 10 فائر ٹینڈرز، اسنارکلز اور باؤزر تاحال موجود رہے جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کو مکمل طور پر بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے تاہم آخری اطلاعات آنے تک آگ پر قابو پانے کی کوششوں کا عمل جاری تھا۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد بلڈنگ زمین بوس ہونے سے فائر فائٹرز کے جاں بحق اور زخمی ہونے کا نوٹس لیا اور ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن سے رابطہ کرکے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

فوٹو: اسکرین گریب

گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کی طبی امداد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، کامران ٹیسوری نے فیکٹری میں لگنے والی آگ کو قابو پانے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی۔

زخمی ہونیوالے افراد کی شناخت:

ندیم ولد عبدالکریم عمر45 سال، عارف ولد التمش عمر 40 سال، عباس ولد مشرف عمر 50 سال، عبدالحاکم ولد شریف عمر 20 سال، امان اللہ ولد بدراللہ عمر 40 سال، ریحان ولد عارف عمر 50 سال، عبداللہ بیگ ولد ادریس بیگ عمر 20 سال، ندیم ولد ہاشم عمر 40 سال، محمد ریاض ولد اشفاق احمد عمر 50 سال، شیعب ولد سلیمان عمر 55 سال، اعجاز کاظم ولد محمدی کاظم عمر 43 سال، عارف ولد علی محمد عمر 55 سال، رحیم ولد مصیاب خان عمر 59 سال

جاں بحق فائر فائٹرز کی شناخت:

محسن شریف عمر 40 سال، خالد شہزاد عمر 40 سال، سہیل عمر 35 سال، افضل عمر 55 سال