بلوچستان واقعہ پر انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی ایک زبان بول رہے تھے،عطا اللہ تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کاکہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچا،کچھ سیاسی عناصر نے اس افسوسناک واقعہ کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کیا،انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ےجعفر ایکسپریس کے دلسوز سانحہ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچا،پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنانے والے 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا،آپریشن شروع ہونے سے پہلے 21 جانوں کا نقصان ہوا، پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے، آپریشن کے دوران بہادری اور دلیری کے ساتھ پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کیا ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹرین میں 440 افراد سوار تھے، پاک فوج، ایف سی، ایس ایس جی اور ایئر فورس نے مہارت سے اس آپریشن کو مکمل کیا،ان کاکہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے بہت افسوسناک پروپیگنڈا کیا گیا،کچھ سیاسی عناصر نے اس افسوسناک واقعہ کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کیا، انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے،کاش یہ اس آپریشن کے حوالے سے مصدقہ معلومات پر بات کرتے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے،اس سانحہ پر جو سیاست کھیلی گئی، اس کی مذمت کرتے ہیں،ان کاکہناتھا کہ پاکستان میں اس طرح کے واقعات کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،یرغمال مسافروں کو بازیاب کرا کے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا،جھوٹا بیانیہ بنانے پر تحریک انصاف کو شرمسار ہونا چاہئے،اللہ کا شکر ہے ہم بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، ان کاکہناتھا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف افواج پاکستان، سیکورٹی فورسز، پولیس اور رینجرز متحرک ہیں،دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائے گا، بلوچستان آپریشن انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیت سے مکمل کیا گیا،
انہوں نے کہاکہ شہباز شریف، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا غیر متزلزل عزم ہے،بی ایل اے کے دہشت گردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا، ان کی سازش ناکام ہوئی،دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے،دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے حوصلے اور ہمت کے ساتھ تیار ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات ہوئی ہے، کل وزیراعظم بلوچستان کا دورہ کریں گے اور تفصیل سے لائحہ عمل پر روشنی ڈالیں گے۔