نیشنل ڈیزیز رجسٹری سسٹم کی نگرانی کیلئے15 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک)وفاقی حکومت نے نیشنل ڈیزیز رجسٹری سسٹم کی نگرانی اور قومی سطح پر صحت کے ڈیٹا کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے 15 رکنی نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے، وزارتِ قومی صحت کی جانب سے کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت کمیٹی کے پیٹرن اِن چیف جبکہ سیکریٹری صحت چیئرمین ہوں گے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو کمیٹی کا کنوینر اور سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں وفاقی و صوبائی صحت حکام، ماہرین، محققین، ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندے ، تمام صوبوں کے ڈائریکٹر جنرلز ہیلتھ، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے صحت نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
وزارتِ صحت کے مطابق کمیٹی بیماریوں کے قومی رجسٹری نظام کے وژن، دائرۂ کار اور مرحلہ وار توسیع کے لیے سفارشات مرتب کرے گی اور اس نظام کو قومی صحت و تحقیقاتی ترجیحات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پالیسی رہنمائی فراہم کرے گی۔ کمیٹی صحت کے قومی ڈیٹا کی ملکیت، رسائی، تبادلے اور تحفظ سے متعلق ڈیٹا گورننس فریم ورک کی تیاری، رجسٹری نظام کی قومی قوانین اور اخلاقی تقاضوں کے مطابق نگرانی، اور رجسٹری ڈیٹا کو قومی ہیلتھ انفارمیشن و فیصلہ سازی کے نظام سے منسلک کرنے کے اقدامات کا جائزہ بھی لے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی تحقیق اور سائنسی اشاعتوں کے لیے قومی سطح پر مربوط ڈیٹا کے استعمال کی منظوری دینے، وفاقی، صوبائی اور نجی شعبے کے اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے سمیت رجسٹری نظام کی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کی ذمہ دار ہوگی۔ وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا مقصد قومی سطح پر صحت کے ڈیٹا کے انضمام، بہتر حکمرانی اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دینا ہے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کمیٹی کے سیکریٹریٹ کے طور پر کام کرے گا جبکہ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد بھی این آئی ایچ کے ذریعے کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:یکم جولائی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کو کتنی رقم ملے گی؟ بڑی خوشخبری آگئی