8 پاکستانی کھلاڑی تھائی لینڈ میں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کیلئے منتخب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام پہلی نیشنل پی ایس بی باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ 2025ء گزشتہ روز اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر سے 122 کھلاڑیوں نے 23 مختلف کیٹیگریز میں شرکت کی۔
سینئر، جونیئر، ماسٹر، ایتھلیٹک فزیک اور اسپورٹس فزیک کی کیٹیگریز میں مقابلے منعقد ہوئے، جن کا ورلڈ باڈی بلڈنگ فیڈریشن، ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور صوبوں سے آئے ماہر ججز پر مشتمل جیوری نے جائزہ لیا۔
مقابلوں کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 8 کھلاڑیوں اعجاز احمد، فراصت علی، محسن اقبال، محمد شکیل، بلال احمد، اسامہ سعید، ہارون رشید اور فیضان گل کو رواں سال ہونے والی 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک سپورٹس چیمپئن شپ 2025ء کے لیے منتخب کر لیا گیا۔
چیمپئن شپ کے مہمانِ خصوصی پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سہیل انور تھے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین سعید اختر، اراکین نصر اللّٰہ رانا، فرمان خان، سہیل گل اور معروف نیوٹریشن ایکسپرٹ ڈاکٹر نبیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سہیل انور نے چیمپئن شپ اور پہلے اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیمینار کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ باڈی بلڈنگ کے کھیل کو قومی سطح پر فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ہماری کارکردگی خود گواہی دے گی۔