کالج آف آفتھلمالوجی میں کارنیا ٹرانسپلانٹ سرجریز کا سلسلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے "عوامی صحت کی مفت سہولیات" کے وژن کے تحت، کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز (COAVS) نے آج انسٹی ٹیوٹ آف آفٹھلمالوجی، میو ہسپتال لاہور میں چھ کامیاب کارنیا ٹرانسپلانٹ سرجریز مکمل کیں۔
ان قرنیہ سے ایسے مریضوں کی پیوند کاری کی گئی جو دونوں آنکھوں کے نابینا پن، قرنیہ کے داغ، اور چوٹ کے بعد کی پیچیدگیوں میں مبتلا تھے-
پروفیسر ڈاکٹر محمد معین اور پروفیسر آیمرائٹس ڈاکٹر اسد اسلم خان نے یہ سرجریز 1973 کے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے سابق طالب علم ڈاکٹر مفیز چوہان اور ظفر اینڈ میر فاؤنڈیشن سے عطیہ کردہ قرنیہ جات کی مدد سے انجام دیں ، یہ سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد معین پرنسپل کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کا کہنا ہے کہ آج کی چھ سرجریز غریب مریضوں کے لیے زندگی بدل دینے والا قدم ہیں،ڈاکٹر مفیز چوہان، ڈاکٹر فواد ظفر اور ظفر اینڈ میر فاؤنڈیشن کے جذبۂ خدمت نے ہمارے مشن کو نئی طاقت بخشی ہے۔
پروفیسر آیمرائٹس ڈاکٹر اسد اسلم خان نے کہا کہ ہر کارنیا ٹرانسپلانٹ کسی معذور شخص کو سماجی اور معاشی طور پر خودمختار بناتا ہے، بیرونِ ملک مقیم ہمارے ہیروز نے اس مقصد کو حقیقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، ڈاکٹر مفیز چوہان جیسے KEMU کے سابق طلباء کی جانب سے دیا گیا یہ عطیہ پاکستانی قوم کی ہمدردی کی زندہ مثال ہے۔
کالج آف آفتھلمالوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کی ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی جدید ترین پیوندکاری ممکن ہے۔
ڈاکٹر مفیز چوہان اور ظفر اینڈ میر فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق وہ پروفیسر معین کی قیادت میں جاری اس مہم کے مستقل ساتھی ہیں-