اسحاق ڈار نے حلف اٹھانے کے لئے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ دیا

Feb 10, 2022 | 11:40:AM
اسحاق ڈار نے حلف اٹھانے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ دیا
کیپشن: اسحاق ڈار فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بطور سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرابی کو خط لکھ دیا۔

لیگی رہنمااسحاق ڈار کی جانب سے خط میں لکھا گیا ہے کہ 3 مارچ 2018 کو سینیٹ نشست پر میرا انتخاب چیلنج کرنے کا قانونی تنازع حل ہو چکا، سپریم کورٹ نے 21 دسمبر 2021 کو سول اپیل مسترد کر دی۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 10 جنوری 2022 کا میری سینیٹ نشست پر کامیابی کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں تاہم برطانیہ میں زیر علاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں لہذا بطور سینیٹر ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے۔

اسحاق ڈار نے لکھا کہ بذریعہ ویڈیو لنک حلف کا طریقہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی زیر استعمال ہے، ممکن نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔

سابق وزیر خزانہ نے اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ کو خط میں آئین کے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کا حوالہ بھی شامل کیا ہے جس کے مطابق چیئرمین سینیٹ کسی شخص کو منتخب رکن سے حلف لینے کے لیے مقرر کر سکتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے خط کے ہمراہ لندن میں اپنے معالج کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ارسال کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:موسم کیسا رہے گا۔۔؟محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

 سابق وزیرخزانہ نے اپنا خط اور میڈیکل رپورٹ چیئرمین سینیٹ اور الیکشن کمیشن کو ای میل کے ذریعے بھیج دی ہیں۔

اسحاق ڈار کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھے گئے خط کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھجوا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا