سینٹ میں بھی قائد حزب اختلاف کی نشست خالی قرار

Aug 08, 2025 | 18:42:PM
سینٹ میں بھی قائد حزب اختلاف کی نشست خالی قرار
کیپشن: شبلی فراز، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان، روزینہ علی)قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے بعد سینٹ میں بھی قائد حزب اختلاف کی نشست خالی قراردیدی گئی۔

سینیٹر شبلی فراز کی نااہلی کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ادھرپی ٹی آئی کے نااہل کئے جانے والے ارکان کے نام قومی اسمبلی ویب سائٹ سے ہٹا دیئے گئے ،جمشید دستی، احمد چٹھہ، عبداللطیف،عمر ایوب، حیدر علی، حامد رضا، رائے حسن نواز اور زرتاج گل کے نام ہٹا دیئے گئے ۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے ارکین اسمبلی سے قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت واپس لے لی گئی،قائمہ کمیٹیوں کیلئے چیئرمین اور چیئرپرسن عہدے کیلئے vacant لکھ دیا گیا۔

صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم  کر دی گئی، اسی طرح رائے حسن نواز سے قائمہ  کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لے لی گئی،اوورسیز پاکستانی اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پر بھی چیئرمین/ چیئرپرسن کا عہدہ vacantلکھ دیا گیا۔

یادرہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو عہدہ سے فارغ کردیا گیا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی قرار دیدیا، پی ٹی آئی سے قائد حزب اختلاف کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا،  سپیکر قومی اسمبلی نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے جلد نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

سیکرٹری کے مطابق پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں 3 اہم عہدے واپس لے لیے گئے، قومی اسمبلی میں عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ ہوگئے، زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی قرار دیدیا گیا۔

سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا، پی ٹی آئی کے نااہل 7 ارکان سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ بھی واپس لے لی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 7 ارکین اسمبلی سے 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لے لی گئی ہے، صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی، زرتاج گل قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لی گئی ہے۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت کئی رہنماؤں کو سزائیں سنائی تھیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں نااہل قرار دیدیا تھا۔