پاکستان کے 6 مقامات پر 24 حملے، 8 شہری شہید، متعدد زخمی ہوئے، ڈی جی آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستان پر کی گئی بلااشتعال اور کھلی جارحیت کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر 24 حملے کیے ہیں جن میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
بھارتی حملے کے بعد پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی حملوں میں 8 شہری ہلاک جبکہ 35 زخمی ہوئے، بے گناہ پاکستانی شہریوں میں 25 مرد زخمیوں سمیت 6 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
حملوں کو مقامات اور مزید تفصیلات بتاتےہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مریدکے میں مسجد مغلپورہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں 1 مرد شہید، 1 زخمی اور 2 لاپتہ ہوئے، مسجد کو مکمل طور پر شہید کر دیا گیا۔
سیالکوٹ کے ایک گاؤں میں2 فضائی حملے کیے گئے جن میں سے اوپن فیلڈ میں تھا جس سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا،شکرگڑھ میں حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔
مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا 7 حملے ہوئے جن میں ایک بچی زخمی ہوئی اور ایک مسجد شہید ہوئی،کوٹلی میں مسجد آب پار کو نشانہ بنایا گیا، 5 حملے ہوئے جن میں 2 افراد شہید ہوئے جن میں ایک 16 سالہ بچی اور ایک 8 سالہ بچہ شامل ہیں۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مسجد سبحان پر حملے میں 5 پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں ایک 3 سالہ بچی بھی شامل ہے جبکہ 31 افراد زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر واضح پیغام دیا کہ پاک فوج دشمن کی اس بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور عوام کی حمایت سے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کی ہیٹرک،بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا