شکست قبول،صلاحیتوں سے کم تر کھیل پیش کیا , تنقید توبنتی ہے،مصباح 

Jan 07, 2021 | 15:01:PM
شکست قبول،صلاحیتوں سے کم تر کھیل پیش کیا , تنقید توبنتی ہے،مصباح 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے صلاحیتوں سے کم تر کھیل پیش کیا ہے اس لئے تنقید بنتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  ‏ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہو ئے مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بعد تنقید جائز ہے یہ تنقید درست ہو رہی ہے کیونکہ تنقید وہی کرتے ہیں جنہیں ٹیم کی صلاحیتوں پر یقین ہوتا ہے۔ ‏ ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم نے فائٹ کرکے اپنے پوٹینشل کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم میچ کو آخری 5 اوورز تک لے کر گئی  حالانکہ صورتحال مشکل تھی۔ اس کے بعد جب مداح آپ سے فائٹ کرنے کی توقعات وابستہ کر لیتے ہیں تو آپ توقعات پر پورا نہیں اترتے تو تنقید درست ہو تی ہے۔

 ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا ہم نے ایسی صورتحال سے آئندہ کے لئے نکلنا ہے کیونکہ کسی بھی کھیل میں مقصد جیت ہوتا ہے اور جب آپ نہیں جیت پاتے تو مایوسی ہوتی ہے۔ اس لیے مایوسی بھی ہے اور افسوس بھی۔ توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہوتا ہے۔ہیڈ کوچ کا ماننا ہے کہ ہم اس ٹور پر اچھا کر سکتے تھے لیکن ہم نے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ ہمارے پاس کئی مواقع آئے لیکن ہم نے ان مواقع کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔

مصباح الحق نے کہا کہ ڈراپ کیچز ہمارا پہلے بھی مسئلہ رہا ہے اور یہاں بھی ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ڈراپ کیچز ہی تھا۔ ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا ہے اس سیریز میں چانس مس کرنے سے بہت فرق پڑا۔ اب ہم نے ہوم سیریز جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنا ہے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ہم ہر شعبے میں بہتری لائیں۔ اچھا کھیل کر اعتماد کو بحال کرنا ہے  جو غلطیاں کیں ان کا جائزہ لے کر آگے بڑھنا ہے۔ ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو سامنے رکھ کر ضروری تبدیلیوں کے بارے میں دیکھیں گے۔

واضح رہےکہ نیوزی لینڈ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو ایک جب کہ ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے شکست ہوئی۔