وادی تیراہ: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد جہنم واصل، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید

Nov 06, 2023 | 19:12:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)  ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور 3 دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: سیف سٹیز اتھارٹی کی لاہور پولیس کے ہمراہ بروقت کارروائی، اقدامِ قتل کا ملزم گرفتار

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔