مملکت سعودی عرب کا امن و استحکام امت مسلمہ کے امن کی ضمانت ہے؛مولانا فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خان) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مملکت سعودی عرب کا امن و استحکام امت مسلمہ کے امن کی ضمانت ہے،سعودی عرب عالمِ اسلام میں مرکزی اور قائدانہ مقام کا حامل ہے۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے یمن کے حوالے سے سعودی عرب کے اقدامات اور قومی سلامتی کے دفاع کے فیصلوں کی مکمل حمایت کی،مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی قومی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے لیے کیے گئے اقدامات جائز، ذمہ دارانہ اور خطے کے استحکام کے لیے اہم ہیں۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ جے یو آئی مستقبل میں بھی آنجناب کی دانشمندانہ قیادت سے مملکتِ سعودی عرب کی مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا میں امن، اخوت اور استحکام کے فروغ میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار کی امید رکھتی ہے ،شاہ سلمان کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی اسلام، مسلمانوں اور حرمین شریفین کے لیے خدمات سمیت حجاج و معتمرین کے لیے بہترین سہولیات قابل تحسین ہیں،جمعیت علماء اسلام مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات کے لیے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2 ماہ کی اضافی تنخواہ!ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری