معاشروں کی فکری بلندی،قومی خودی استاد کی رہنمائی کی مرہونِ منت ہے:محسن نقوی

Oct 05, 2025 | 15:29:PM
 معاشروں کی فکری بلندی،قومی خودی استاد کی رہنمائی کی مرہونِ منت ہے:محسن نقوی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر احسن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معاشروں کی فکری بلندی، تہذیبی شائستگی اور قومی خودی استاد کی رہنمائی کی مرہونِ منت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹیچرز ڈے پر تمام اساتذہ کو انکی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے  کہا آج کا دن ان مقدس ہستیوں کے نام جنہوں نے ہر حالت میں علم کے چراغ کو اپنی محنت سے جلائے رکھا۔

انہوں  نے کہا کہ استاد کی عظمت، کردار اور رتبے کے اعتراف کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہے،یہ دن اُن خدمات اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو استاد اپنی ذات کی نفی کر کے نسلوں کو بامقصد بناتا ہے۔ 

 محسن نقوی نے کہا کہ معلم وہ منصب ہے جو انبیائے کرام کی میراث قرار پایا ،نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے"اور یہ قول استاد کے منصب کو تقدس بخشتا ہے،قرآنِ کریم نے "یُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ" فرما کر تعلیم و تربیت کے ربط کو مقدس ترین مشن بنایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اللہ تعالی نے مجھے جو منصب عطا کئے اس میں میرے محترم اساتذہ کی تربیت، محنت اور لگن شامل ہے ،میں اپنے اساتذہ کا احسان کسی طور بھی نہیں اتار سکتا،استاد نسلوں کی سوچ کی جہت، کردار کی سمت اور معاشرتی شعور عطا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیچر ڈے:صدر اور وزیراعظم کی جانب سے اساتذہ کو گراں قدر خدمات پر خراج  تحسین پیش

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر عہد کی عظمت کسی عظیم استاد کی تربیت یافتہ نسل سے جنم لیتی ہے،آئیں آج ہم اجتماعی طور پر یہ عہد کریں کہ استاد کی توقیر کو ریاستی بیانیے کا مرکزی جزو بنائیں گے،سب کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ استاد کا احترام نظریے کے طور پر اپنائیں گے۔