پاکستان عظیم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے:گورنر سندھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اب خطے میں ایک عظیم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے TAFSMUN 2025 کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر اس کی بالادستی ختم کی۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، قطر کی ترقی میں 70 فیصد حصہ پاکستانی انجینئرز کا ہے ۔
ورلڈ بینک میں سب سے زیادہ قابل افراد بھی پاکستانی ہیں، گورنر ہاؤس میں جاری مفت آئی ٹی کورسز کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑا جا چکا ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تربیت کے دوران کئی نوجوان اب ہزاروں ڈالرز ماہانہ کمانے کے قابل ہو چکے ہیں۔
ان شاء اللہ آئی ٹی کورسز کا دائرہ پورے سندھ تک پھیلایا جائے گا تاکہ ہر نوجوان کو جدید ہنر سے آراستہ کیا جا سکے۔
انہوں نے امید کی گھنٹی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کروا سکتا ہے کیونکہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کیلیے ہر وقت کھلے ہیں۔
گورنر سندھ نے نوجوانوں کو ترقی، ہنر اور مثبت سوچ کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی چاہتے ہو تو منفی سوچ ذہن سے نکال دو ۔
انہوں نے کہا کہ بڑی سوچ رکھو گے تو بڑے کام کرو گے، ہنر پیدا کرو یہی وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تنقید کے بجائے تصحیح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستان میں پرائمری ایجوکیشن کمیشن کے قیام کی تجویز بھی پیش کی جسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔