وزیرداخلہ محسن نقوی کی قطری ہم منصب سےملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیرداخلہ کی دوحہ میں قطر کی وزارت داخلہ آمد ،قطری ہم منصب خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی سےملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی

May 05, 2025 | 15:42:PM
 وزیرداخلہ محسن نقوی کی قطری ہم منصب سےملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی دوحہ میں قطر کی وزارت داخلہ آمد ،قطری ہم منصب خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی سےملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پرمحسن نقوی نےقطری ہم منصب کو بھارت کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جارحیت کی پالیسی کو مسترد کیا ،بھارت کو پہلگام واقعہ کی آزادانہ ، غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی،دنیا کے سامنےآنا چاہیے کہ پہلگام واقعہ کے اصل ذمہ دار کون ہے؟

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بے بنیادالزام پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

ملاقات میں جرائم پیشہ مافیا اور سائبر کرائمز کے خلاف مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا،پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کیلئے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے قطر کے ساتھ باہمی رابطے مزید مستحکم کریں گے،قطر کے ساتھ ہر سطح پر مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔

قطر کے وزیر داخلہ کی پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی،مختلف شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

قطری وزیر داخلہ خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی نے کہا کہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

قطر کے وزیر مملکت داخلہ شیخ عبدالعزیز بن فیصل بن محمد الثانی،قطر میں پاکستان کے سفیر محمد عامر اور قطری وزارت داخلہ  کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔