اقوام متحدہ کشمیریوں سےکیے گئے وعدوں کا احترام کرے، یوم یکجہتی پر صدرزرداری کا پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں سے 77 سال قبل کیے گئے وعدوں کا احترام کرے۔
یوم ِیکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر سال 5 فروری کو پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں،کشمیری عوام کے ناقابل ِتنسیخ حق ِخود ارادیت کے حصول کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں،مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے،بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام خوف و ہراس کے ماحول میں رہ رہے ہیں،کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے مقیّد ہیں،بھارتی سیکورٹی فورسز سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں میڈیا کو جبر کے ذریعے خاموش کیا جا رہا ہے،بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے انمٹ جذبے کو دبا نہیں سکتے، تنازع جموں و کشمیر سب سے پرانے حل طلب بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ کسی بھی قسم کا ظلم کشمیریوں کے عزم کو متزلزل اور ان کی جائز جدوجہد کو کمزور نہیں کر سکتا،اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال قبل کیے گئے وعدوں کا احترام کرے ۔
ان کہناتھا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا،ہم کشمیریوں کے حق ِخودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی ،بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں بدلنا ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ بھارت انتظامی، عدالتی اور قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے،گزشتہ 78 سالوں میں کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا تعین خود کرنے کے جمہوری حق کے لیے بے شمار قربانیاں دی ،ریاستی دہشت گردی اور جبر کے سامنے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ’5فروری پاکستان اور کشمیر کے عوام کے رشتوں کی علامت‘وزیراعظم اورصدر آزاد کشمیر کا پیغام