اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے نفاذ پر متفق ہو گئے :امریکہ کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان جنگ بندی کے نفاذ پر متفق ہو گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل نے واشنگٹن میں مذاکرات کے دوران جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے جس کا مقصد جاری لڑائی کا خاتمہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جنگ بندی اس شرط پر نافذ ہوگی کہ حزب اللہ کی جانب سے مکمل طور پر فائرنگ بند کی جائے اور جنوبی لِیطانی سیکٹر سے اس کے تمام جنگجوؤں کا انخلا یقینی بنایا جائے۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ ایسے مخصوص پائلٹ زونز قائم کئے جائیں گے جن میں لبنانی مسلح افواج کو مکمل کنٹرول حاصل ہوگا اور کسی بھی غیر ریاستی مسلح عنصر کو وہاں موجود ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سکیورٹی فریم ورک کا مقصد لبنان اور اسرائیل کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو مستقل طور پر یقینی بنانا بتایا گیا ہے، اس کے لئے غیر ریاستی مسلح گروہوں کی تحلیل اور ان کی دوبارہ تشکیل کی روک تھام کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کا بحران، ایک لیٹر پیٹرول، ڈیزل 500 روپے میں فروخت ہونے لگا
امریکا نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ لبنانی مسلح افواج کی معاونت جاری رکھے گا تاکہ ان کی صلاحیت میں اضافہ ہو اور وہ ریاستی خودمختاری کو مؤثر طور پر نافذ کر سکیں۔
دونوں ممالک 22 جون سے شروع ہونے والے ہفتے میں سیاسی اور سکیورٹی مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے تاکہ جامع معاہدے تک پہنچا جا سکے جبکہ امریکا اس عمل میں رابطہ کاری اور سہولت کاری جاری رکھے گا۔