پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوبندگلی میں دھکیل دیا،سراج الحق

Dec 04, 2020 | 20:49:PM
پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوبندگلی میں دھکیل دیا،سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے حکومت پرشدیدتنقیدکرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کودھوکا دیااور بندگلی میں دھکیل دیا، آئندہ الیکشن میں یوتھ کے ذریعے پولنگ بوتھ پر سرپرائز دیں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کو ٹکٹ د ینگے۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی یوتھ بورڈ کے منصورہ میں ہونے والے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرسراج الحق نے کہاادارے تباہ ہو گئے ، مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے، ہر شخص آج پریشان ہے  ۔
 سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ ملک میں جمہوریت کے نام پر سیاست کرنے والی اکثر پارٹیاں خود جمہوریت کے تصور سے ناآشنا ہیں،  کرپٹ اشرافیہ ملک پر گزشتہ 73 سالوں سے مسلط ہے ، انھوں نے آج تک ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہونے دیا، جس کےلئے کروڑوں مسلمانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے، اگر ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت کا تسلسل ہی رکھنا تھا تو پھر ملک کو آزاد کرانے کا کیا فائدہ ہوا، مغربی استعمار کے ایجنٹوں نے عوام کو غربت و بےروزگاری کے تحفے دیئے اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا۔7اعشاریہ 7 ٹریلین روپے کے بجٹ میں سے 3ٹریلین روپے قرضہ کی قسطوں اور سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے اور صرف 650ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جاتے ہیں، جس میں سے بھی آدھی رقم کرپشن کی نظر ہو جاتی ہے۔ 
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ تمام مسائل کو حل کر دے گی، انھوں نے نوجوانوں کو تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا اور صرف اڑھائی سالوں میں ہی ان کو ذہنی مریض بنا دیا، ہر علاج کا دعویٰ کرنے والے عطائیوں نے ملک کو مفلوج کر دیا، لاکھوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے 35لاکھ سے زائد لوگوں کو بےروزگار کر دیا، مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، ادارے تباہ ہو گئے اور سب سے بڑا ظلم یہ ہوا کہ ملک کا نوجوان  طبقہ مایوسی اور ڈپریشن کا شکارہو گیا، ان حالات میں جماعت اسلامی نے عوام کی آواز کو بھرپور طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک بھرپور عوامی مہم شروع کی ہے، مہنگائی، غربت، بےروزگاری اور سودی معیشت کےخلاف جاری مہم کے دوسرے فیز کا آغاز گوجرانوالہ سے ہو گا۔
سینیٹر سراج الحق نے جے آئی یوتھ کو ہدایت کی کہ وہ گلی گلی، محلے محلے جماعت اسلامی کے پیغام کو پہنچائیں اور ملک کے کروڑوں نوجوانوں کی آواز بنیں، انھوں نے جے آئی یوتھ کو یقین دلایا کہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دے گی کیوںکہ اس ملک کا نوجوان ہی قوم کی امید ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ قبل ازیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک میں غریب اور امیر کےلئے دو الگ الگ نظام ہیں،غریبوں کو نہ تو انصاف دستیاب ہے اور نہ ہی ان کو تعلیم و صحت کی سہولیات دستیاب ہیں۔ شہزادہ اور شہزادیوں کی سیاست نے غریب کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے۔ اسلام اس باطل زدہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنے کا درس دیتا ہے،ان کاکہناتھا کہ سودی معیشت کےخلاف جنگ کرنا ہو گی، ملک میں اسلامی نظام کےلئے کھڑا ہونا ہو گا، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ختم نبوت کے تحفظ کےلئے ہر قسم کی قربانی دینے کےلئے تیار رہیں۔