وفاقی وزیر خزانہ سے نائب صدر عالمی بینک کی  ملاقات ،سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

Jun 03, 2026 | 15:25:PM
وفاقی وزیر خزانہ سے نائب صدر عالمی بینک کی  ملاقات ،سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم)وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت مامتا مورتھی نے کی۔

ملاقات میں پاکستان میں انسانی ترقی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، فریقین نے صحت، تعلیم، ہنرمندی، سماجی تحفظ اور روزگار کے مواقع میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور حکومت ہنرمندی کے فروغ کو اپنی معاشی حکمتِ عملی کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت سے ہنرمندی کے پروگرام مزید مؤثر بنائے جا سکتے ہیں۔

ملاقات کے دوران ورلڈ بینک نے بچوں میں غذائی کمی اور اسٹنٹنگ کی شرح میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا، معیاری صحت اور تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات، سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور انسانی ترقی کے اشاریوں میں بہتری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: قربانی کا گوشت اکٹھا کرنے کے بہانے باپ بیٹے کی ایک کروڑ سے زائد کی وارداتیں،گرفتار

فریقین نے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فورم میں شرکت کی دعوت دی، جبکہ دونوں جانب سے صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔