حج 2026، غیررجسٹرڈ افراد سے بھی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ

Aug 03, 2025 | 12:22:PM
حج 2026، غیررجسٹرڈ افراد سے بھی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان) حکومت نےآئندہ سال حج کے لئے غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت نے حج 2026 رجسٹریشن سے رہ جانے والوں کیلئے خوشخبری سنادی اور غیررجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیاہے،ان سے  درخواستوں کی وصولی 11 سے 16 اگست تک ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:سی ایس ایس امتحانات 2026 کے شیڈول کا اعلان ہوگیا
حج 2026 کا سرکاری کوٹہ سوالاکھ اور رجسٹرڈ عازمین ساڑھے چار لاکھ ہیں،اس کے باوجود حکومت نے غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیاہے، ذرائع کے مطابق کم درخواستوں کے خدشےکے باعث غیر رجسٹرڈ عازمین کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا، رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستوں کی وصولی کل پیر سے شروع کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرڈ عازمین سرکاری سکیم کے تحت درخواستیں 4 سے 9 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں جبکہ غیر رجسٹرڈ عازمین سے درخواستوں کی وصولی 11 اگست سے 16 اگست تک جاری رہے گی۔
ذرائع کے مطابق حج درخواستیں پہلے آیئے پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی،حج درخواستوں کے لیے پہلا موقع رجسٹرڈ عازمین کو دیا جائے گا،38 سے 42 روزہ حج کے لئے 5 لاکھ روپے جمع کروانے ہوں گے جبکہ 20 سے 25 روزہ مختصر حج کی پہلی قسط کے طور پر ساڑھے پانچ لاکھ روپے جمع کروانے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق حج درخواستیں ملک کے 14 نامزد بینکوں میں جمع کروائی جاسکتی ہیں،حج اخراجات کی دوسری قسط تین ماہ بعد یکم نومبر کو وصول کی جائے گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستیں’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی،رجسٹرڈ افراد سے حج واجبات کی پہلی قسط 4 تا 9 اگست وصول کی جائے گی جبکہ نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں نئے عازمین 11 تا 16 اگست اپلائی کر سکیں گے، نشستیں مکمل ہوتے ہی حج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق حج 2026 پیکیج ساڑھے گیارہ لاکھ تا ساڑھے بارہ لاکھ روپے کے درمیان ہو گا جس میں قربانی (دم شکر) شامل ہے، دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی، دوبارہ حج کرنے اور عمر کی بالائی حد کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے، تاہم یکم مارچ 2014 کے بعد پیدا ہونے والے بچے اپلائی نہیں کر سکتے۔