وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر کی صورتحال کا سخت نوٹس، شہریوں سے پُر امن رہنے کی اپیل

Oct 02, 2025 | 09:09:AM
وزیراعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر کی صورتحال کا سخت نوٹس، شہریوں سے پُر امن رہنے کی اپیل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا، شہریوں سے پُر امن رہنے کی پرزور اپیل کردی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے تاہم مظاہرین امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین کے ساتھ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری سختی سے اجتناب برتیں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔

وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے، وزیر اعظم نے احتجاجی مظاہروں سے متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

حکومتی سطح پر مسئلے کے پرامن حل کے لئے وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’’ آئی ٹی اور ڈیجیٹل مفت کورسز‘‘نوجوانوں کیلئے سکالرشپ کا اعلان

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مذاکراتی کمیٹی فوراً مظفرآباد جائے اور مسائل کا فوری اور دیرپا حل نکالے، وزیر اعظم نے ایکشن کمیٹی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے تعاون کرے، کمیٹی اپنی سفارشات اور مجوزہ حل بلا تاخیر وزیراعظم آفس کو بھجوائے گی تاکہ مسائل کے فوری تدارک کے لئے اقدامات کئے جا سکیں۔

وزیراعظم نے وطن واپسی پر مذاکرات کے عمل کی نگرانی کا اعلان کر دیا۔