پتنگوں پر تصاویر چھاپنے اور بعض گانوں پر عائدپابندی کیخلاف دائردرخواست پرسماعت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں بسنت کے موقع پر پتنگوں پر تصاویر چھاپنے اور بعض گانوں، جن میں معروف گانا ’’نک دا کوکا‘‘ بھی شامل ہے پر عائد پابندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کے لاء افسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق رپورٹ کل تک پیش کریں۔
جسٹس ملک اویس خالد نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شیخ امتیاز کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بسنت کے موقع پر پتنگوں پر تصاویر اور بعض گانوں پر پابندی کا اقدام غیر آئینی اور بلاجواز ہے،درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پابندی سیاسی بنیادوں پر عائد کی گئی ہے اور مخصوص گانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو اظہارِ رائے کی آزادی کے منافی ہے،وکیل کے مطابق یہ پابندیاں قانون کے بجائے انتظامی من مانی پر مبنی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے لاء افسر نے درخواست کی قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ متفرق درخواست نہیں بلکہ اس نوعیت کے معاملے پر باقاعدہ علیحدہ آئینی درخواست دائر کی جانی چاہیے، لہٰذا موجودہ درخواست ناقابلِ سماعت ہے۔
اس موقع پر عدالت نے لاء افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس متفرق درخواست پر کل تک جامع رپورٹ پیش کریں تاکہ عدالت قابلِ سماعت ہونے سمیت دیگر قانونی نکات کا جائزہ لے سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بسنت کی مرکزی تقریب منسوخ کرنے کافیصلہ